کراچی (16 جولائی 2026): ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں گرفتار تین ملزمان نے پولیس کو اہم معلومات فراہم کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق واردات کی منصوبہ بندی گینگ کے سربراہ اسلم عرف بابا نے کی تھی۔ واردات کے وقت وہ ایک گاڑی میں موجود تھا اور اپنے ساتھیوں کو ہدایات دے رہا تھا۔ اسی گاڑی سے ڈاکٹر آکاش کی گاڑی کا پیچھا کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد لوٹی گئی رقم آپس میں تقسیم کر دی گئی۔ ایک ملزم کو ایک لاکھ 25 ہزار روپے ملے، جبکہ رام چند کو 70 ہزار روپے ملے۔ رام چند نے 30 ہزار روپے اپنے مکان مالک کو دے دیے۔
تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ لوٹی گئی رقم رام چند نے اپنے بھائی کشور کو ایزی پیسہ کے ذریعے گاؤں بھجوائی۔
پولیس کے مطابق رام چند اور اسلم عرف بابا کی ملاقات 2021 میں لانڈھی جیل میں ہوئی تھی، جہاں دونوں کی دوستی ہوئی اور بعد میں انہوں نے گینگ بنایا۔