جامشورو:مہران یونیورسٹی میں تین روزہ دوسری بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب منعقد

جامشورو (پ ر): مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو کی جانب سے الیکٹرانکس اور کمپیوٹنگ کمیونیکیشن میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے موضوع پر منعقد کی گئی تین روزہ دوسری بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب مہران یونیورسٹی کے پانی کے اعلیٰ تحقیقی مرکز میں منعقد کی گئی۔ افتتاحی تقریب کے صدر مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحہ حسین علی نے کہا کہ اس کانفرنس کی کامیابی اس میں پیش کیے جانے والے تحقیقی مقالوں کی تعداد سے ہی ظاہر ہوتی ہے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ یہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کا دور ہے اور دنیا میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلیاں آ رہی ہیں۔ ان تبدیلیوں کو جاننے اور سمجھنے کے لیے اس طرح کی کانفرنسز بہت اہم ہیں۔ ڈاکٹر طحہ حسین علی نے کہا کہ ہمیں یہ جاننا ضروری ہے کہ مستقبل کی دنیا کیسی ہوگی۔ وائس چانسلر نے کہا کہ اس کانفرنس میں محققین اور ماہرین کی دلچسپی قابلِ تعریف ہے۔ کانفرنس کی آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر وجیہہ شاہ نے کہا کہ اس کانفرنس میں الیکٹرانکس، الیکٹریکل اور کمیونیکیشن کے موضوعات پر گفتگو کی جائے گی اور تحقیقی مقالے پیش کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی میں جدید دور کی تبدیلیاں اور رجحانات بحث کا مرکز ہوں گے۔ کانفرنس کی منتظم کمیٹی کی رکن ڈاکٹر کہکشاں کے مطابق 403 تحقیقی مقالے کانفرنس میں پیش کرنے کے لیے موصول ہوئے، جن میں سے چھان بین کے بعد صرف 107 مقالے پیش کرنے کے لیے منظور کیے گئے۔ کانفرنس کے لیے 27 ممالک کے محققین نے اپنے مقالے جمع کروائے۔ امریکہ، چین، برطانیہ، ملیشیا اور اسپین کے ماہرین کی جانب سے جمع کرائے گئے مقالوں کو جانچ کے بعد بہترین مقالوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کانفرنس میں سائبر سیکیورٹی پر خصوصی سیشن رکھا گیا ہے۔ کانفرنس کے سیکریٹری ڈاکٹر مہیش کمار نے کہا کہ کانفرنس کے دوران دنیا کے مختلف ممالک کے ماہرین اور محققین کو ایک دوسرے کے خیالات سننے کا موقع ملے گا اور علم و تحقیق کے تبادلے کا یہ بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں 9 کلیدی مقررین ہوں گے، جن کی آرا سے ہمیں سیکھنے کا بہت کچھ موقع ملے گا۔ کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں مہران یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیل کمار، ڈین فیکلٹی پروفیسر ڈاکٹر اشفاق ہاشمانی، ڈاکٹر عبد الستار لاڑک، رجسٹرار لچھمن داس سوٹھر اور الیکٹریکل شعبہ کی چیئرپرسن ڈاکٹر آصف علی شاہ سمیت مہران یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔